210

بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں سیلاب، 10 افراد ہلاک، سینکڑوں لاپتا

نئی دہلی: (ویب نیوز) بھارت کی ریاست اتراکھنڈ میں سیلاب کے باعث دس افراد ہلاک جبکہ ڈیڑھ سو لاپتا ہیں۔ دریا دھولی گنگا میں پانی کی سطح ایک میٹر تک بلند ہو گئی۔ مزید تباہی سے بچانے کے لئے حکومت نے دو ڈیمز کے سپل ویز کھول دیئے۔

تفصیل کے مطابق بھارت کی شمالی ریاست اتراکھنڈ میں گلیشئر پھٹنے سے کئی علاقے سیلاب کی زد میں آگئے۔ متعدد افراد ہلاک جبکہ ڈیڑھ سو سے زائد لاپتا ہو گئے۔

اتراکھنڈ کے ضلع چمولی میں آنے والے تباہ کن سیلاب سے دریائے دھولی گنگا میں پانی کی سطح ایک میٹر بلند ہو گئی ہے۔ 13 اعشاریہ 2 میگاواٹ کا بجلی گھر بھی سیلابی ریلے میں بہہ گیا۔

مزید تباہی سے بچنے کے لیے آبی کمیشن نے دو ڈیموں کے سپل ویز کھول دیے جبکہ ریاست اتر پردیش میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

بھارت بھر سے ریسکیو ٹیموں کو اتراکھنڈ منتقل کر دیا گیا ہے۔ اتراکھنڈ کے وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ قدرتی آفت کی وجہ جاننے کے لئے تحققیات کی جا رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں