Faizabad Dharna 242

راولپنڈی – فیض آباد دھرنا، حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان مذاکرات کامیاب،ٹریفک اور موبائل سروس بحال

(راولپنڈی / اسلام آباد . کشمیر ایکسپریس) گورنمنٹ اور تحریک لبیک کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد تحریک لبیک نے توہین رسالت کے معاملے پر فیض آباد دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ دونوں فریقین کے درمیان تحریری معاہدہ منظر عام پر آگیا۔
معاہدے پر حکومت کی جانب سے وزیر داخلہ بریگیڈئیر (ر) اعجاز شاہ، وزیر مذہبی امور نور الحق قادری اور کمشنر اسلام آباد عامر احمد اور تحریک لبیک کی جانب سے امیر کے پی کے ڈاکٹر محمد شفیق امینی، امیر شمالی پنجاب عنایت الحق شاہ اور ناظم اعلی شمالی پنجاب علامہ غلام عباس فیضی نے دستخط کیے۔
تحریری معاہدے کے مطابق حکومت نے تحریک لبیک کو یقین دہانی کرائی ہے کہ فرانس کے سفیر کو دو سے تین ماہ کے اندر ملک بدر کردیا جائے گا، فرانس میں پاکستان کا سفیر تعینات نہیں ہوگا، تمام فرانسیسی مصنوعات کا سرکاری سطح پر بائیکاٹ کیا جائے گا، تحریک لبیک کے گرفتار کارکنان کو فوری رہا کردیا جائے گا بعدازاں اس مارچ کے شرکا پر کوئی مقدمہ قائم نہیں کیا جائے گا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق منگل کو جڑواں شہر اسلام آباد اور راولپنڈی، جس کی کچھ اہم شاہراہیں اس دھرنے کی وجہ سے بند کر دی گئی تھیں، میں ٹریفک معمول پر آچکی ہے جبکہ موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی بحال کر دی گئی ہے۔

faizabad dharna agreement
faizabad dharna agreement TLP

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں